0

بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق رپورٹس تشویشناک ہیں، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

اسلام آباد(سید جنید حیدر) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی رپورٹس انتہائی تشویشناک ہیں اور ان کی حالیہ میڈیکل رپورٹ نے پوری قوم کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر معمول کے مطابق رہا ہے، تاہم اب سامنے آنے والی سرکاری رپورٹ میں ان کے بلڈ پریشر کی صورتحال درست نہیں بتائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کھیلوں سے وابستہ اور سپر فٹ انسان ہیں، اس لیے ان کی صحت کے حوالے سے بار بار سوالات اٹھنا تشویشناک امر ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ جیل میں رہنے کے دوران بانی پی ٹی آئی کی صحت کی یہ صورتحال ہوئی ہے، وہ جیل میں تنگ نہیں ہوئے بلکہ ان کا حقیقی مسئلہ صحت ہے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی ملک کے مقبول ترین رہنماؤں میں شامل ہیں اور ان کی موجودہ حالت کی ذمہ داری موجودہ حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

سہیل آفریدی نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج ان کے ذاتی معالجین سے کرایا جائے اور ان کے علاج کی نگرانی خاندان کے افراد کو دی جائے تاکہ بانی پی ٹی آئی بھی مطمئن ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا کیس کل عدالت میں ہے، عدلیہ سے انصاف کی اپیل کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مطالبہ کیا کہ کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بھی کرائی جائے تاکہ ان کی صحت اور علاج کے حوالے سے صورتحال واضح ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں