اُرمچی (یوپی اے)چین کی وزارت تجارت کی اکیڈمی فار انٹرنیشنل بزنس آفیشلز کی جانب سے منعقدہ پاکستان کے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے تربیتی پروگرام کے شرکاء کا ایک وفد اُرمچی پہنچا۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق یہ دورہ چین اور پاکستان کے مابین ہوابازی کے شعبے میں تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوا ہے،
جو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت جاری دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق وفد نے سنکیانگ ایئرپورٹ گروپ کے زیر انتظام اُرمچی تیان شان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں جدید سہولیات خصوصاً خودکار چیک اِن سسٹمز، انٹیلیجنس سیکیورٹی اسکیننگ اور آپریشنل مینجمنٹ شرکاء کی خاص توجہ کا مرکز بنے ۔ جنہوں نے ٹیکنالوجی کے اطلاق اور آپریشنل لاگت کے کنٹرول سے متعلق تفصیلات میں دلچسپی ظاہر کی۔
چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنکیانگ ایئرپورٹ گروپ کے جنرل منیجر لو ہوئی بن نے کہا کہ پاکستان اور چین سدا بہار اسٹریٹجک شراکت دار ہیں اور ہوابازی کے شعبے میں تعاون دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنکیانگ ایئر پورٹ گروپ جغرافیائی اور تکنیکی برتری کو استعمال میں لا کر سول ایوی ایشن میں پاکستان کے ساتھ اشتراک مزید بڑھانا چاہتا ہے۔
تقریب میں شرکاء کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک پاکستانی افسر نے کہا کہ گروپ کے پیشہ ورانہ معیار، آپریشنل دائرہ کار اور ٹیکنالوجیکل جدت نے عالمی سول ایوی ایشن میں چین کی قائدانہ حیثیت کو بخوبی اجاگر کیا ہے۔ اس تربیت نے تکنیکی تبادلوں، پیشہ ورانہ تعاون اور باہمی سیکھنے کی اہمیت کو نمایاں کیا، اور دستاویزی تعاون کو عملی صورت دینے کی ایک بہترین مثال فراہم کی۔
اس تربیتی پروگرام سے حاصل کردہ قیمتی علم نہ صرف پاکستان کے سول ایوی ایشن سسٹم کی تعمیر کو مؤثر طریقے سے فروغ دے گا بلکہ اس صنعت کی طویل المدتی ترقی میں بھی مستقل محرک کا باعث بنے گا۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق اختتامی تقریب کے بعد پاکستانی وفد نے انٹیگریٹڈ آپریشن سینٹر (IOC) کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف آپریشنل پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا، جن میں ایئر فیلڈ کنٹرول، موسمِ سرما میں برف ہٹانے کی کارروائیاں، نیوی گیشنل ایڈز، پرندوں سے لاحق خطرات کی روک تھام، مرکزی پیش گوئی، ریموٹ ٹاور کمانڈ، ایمرجنسی مینجمنٹ اور حفاظتی الرٹس شامل تھے۔

