0

کوٹو ہائیڈروپاور منصوبہ کمرشل آپریشن میں داخل، قومی گرڈ کو بجلی کی فراہمی شروع

تیمرگرہ(یوپی اے) 40.8 میگاواٹ کے کوٹو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ (کوٹو ایچ پی پی) نے کمرشل آپریشن کی تاریخ( سی او ڈی )حاصل کرنے کے بعد پاکستان کے نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی شروع کر دی ۔ گوادر پرو کے مطابق پختونخواہ انرجی ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن ( پیڈو) نے کہا ہے کہ پنجکورہ ندی پر تعمیر کیا گیا یہ رن آف ریور پاور پلانٹ سالانہ اندازاً 155 جی ڈبلیو ایچ بجلی پیدا کرے گا، جو ملک کو کم لاگت اور قابل تجدید توانائی فراہم کرے گا،

جس سے سالانہ آمدنی تقریباً 22 ارب روپے متوقع ہے۔ گوادر پرو کے مطابق یہ منصوبہ پیڈو کی جانب سے تیار کردہ تیسرا ہائیڈروپاور اسکیم ہے، جو 10.2 میگاواٹ جابوری ایچ پی پی (مانسہرہ) اور 11.8 میگاواٹ کارورا ایچ پی پی (شنگلہ) کے بعد مکمل ہو کر قومی گرڈ سے منسلک ہوا ہے۔ ان تینوں پروجیکٹس کی مشترکہ پیداوار سالانہ 320 گیگاواٹ گھنٹے سے زائد ہوگی، جو گرڈ کے استحکام، علاقائی معیشت کی ترقی اور پاکستان کے صاف توانائی کے اہداف کے لیے معاون ثابت ہوگی۔ گوادر پرو کے مطابق کوٹو ایچ پی پی کے انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اور کنسٹرکشن (EPC) معاہدے کا کام سیچوان–سروار–سیلیان–چونگ چھنگ لویانگ جوائنٹ وینچر نے انجام دیا۔

اس منصوبے کا آغاز 2015 میں ہوا تھا اور اسے 2020 میں مکمل کرنے کا ہدف تھا، تاہم کووڈ-19 وبا، سیکیورٹی صورتحال اور دیگر غیر متوقع مسائل کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔ 2022 تک سول اور الیکٹرو مکینیکل کاموں کا 90 فیصد سے زائد حصہ مکمل ہو چکا تھا، اور حتمی کمیشننگ 2025 میں کی گئی۔ گوادر پرو کے مطابق پیڈو نے کہا ہے کہ کوٹو پروجیکٹ کی کمرشل آپریشن کی تاریخ حاصل کرنا خیبر پختونخوا کی ہائیڈروپاور صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور ملک کو سستی، پائیدار بجلی فراہم کرنے میں ایک اہم سنگ میل ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں