اسلام آباد(یوپی اے) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی دعوہ اکیڈمی کے شعبہ تحفیظ القرآن کے زیرِ اہتمام فیصل مسجد اسلام آباد میں تکریمِ حفاظِ قرآن کریم کے عنوان سے ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں حفاظ کرام، اور ان کے اساتذہ کو صدر جامعہ نے تکمیلی تحفیظ کی اسناد عطا کیں۔تقریب کے مہمانِ خصوصی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر أحمد سعد الأحمد تھے، جبکہ صدارت ڈائریکٹر جنرل دعوہ اکیڈمی پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس نے کی۔

صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الحمد نے اپنے خطاب میں حفظِ قرآن مکمل کرنے والے طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور قرآن و سنت کی روشنی میں حفظِ قرآن کے فضائل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ کریم کا حقیقی فیض اُسی کو حاصل ہوتا ہے جو اخلاص، اتباعِ سنت اور تدبر قرآن کو اپناتا ہے۔
انہوں نے شاہ فیصل رحمہ اللہ کے عالمِ اسلام کے لیے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا اور فیصل مسجد و بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی خدمات کے تسلسل پر موجودہ سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اگست کے مہینے کی مناسبت سے پاکستانی قوم، صدرِ پاکستان، وزیرِاعظم پاکستان اور افواجِ پاکستان کو معرکۂ حق میں کامیابی اور شاندار خدمات پر مبارکباد پیش کی۔صدر جامعہ نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر دعوہ اکیڈمی کے کردار کو بھی سراہا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر قاری ضیاء الرحمن، انچارج شعبہ تحفیظ القرآن نے انجام دیے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس نے صدر جامعہ کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد اکیڈمی لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے فیصل مسجد کی تعمیر اور یونیورسٹی کی ترقی میں سعودی عرب کے کردار کو سراہا اور کہا کہ فیصل مسجد اور دعوہ اکیڈمی روزانہ ہزاروں ملکی و غیر ملکی زائرین کی میزبانی کرتے ہیں، خاص طور پر جمعہ کے دن یہاں کا ماحول دعوتِ دین اور اصلاحِ معاشرہ کا عملی مظہر بن جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل مسجد سے اعتدال اور میانہ روی کا پیغام ملک بھر میں پھیل رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے سابقہ ڈائریکٹر جنرلز، بالخصوص ڈاکٹر امتیاز ظفر، ڈاکٹر سہیل حسن اور ڈاکٹر طاہر محمود کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر استحکامِ پاکستان اور امتِ مسلمہ کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی

