اسلام آباد، (یو پی اے عامہ، پی اے آر سی) آسٹریلوی سنٹر فار انٹرنیشنل ایگریکلچرل ریسرچ (ACIAR) پلس پراجیکٹ کے زیراہتمام اسلام آباد میں دالوں پر دو روزہ قومی سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔ سمپوزیم کا اہتمام پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد (UAF) اورایم این ایس یونیورسٹی آف ایگریکلچر، ملتان نے مشترکہ طور پر کیا تھا، جس میں پاکستان میں دالوں کی ویلیو چین کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر روشنی ڈالی گئی۔
اپنے کلیدی خطاب میں، ڈاکٹر غلام صادق آفریدی، چیئرمین پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل، نے دالوں کے شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے قومی پالیسی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے درآمدی متبادل اور دالوں کی پیداوار میں خود کفالت کے حصول کے امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ پیداوار کے لیے کسانوں اور صنعتوں کے درمیان رابطے کوبہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر آصف علی، چیئرمین فیڈرل سیڈ ڈویلپمنٹ اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے بھی دالوں کے شعبے کی اہمیت اور دالوں کی پالیسی کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
اس تقریب میں پبلک سیکٹر، محققین، جامعات اور این جی اوز کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ ٹیکنیکل سیشنزکی صدارت ڈاکٹر غلام صادق آفریدی، چیئرمین پی اے آر سی، ڈاکٹر آصف علی چیئرمین فیڈرل سیڈ ڈویلپمنٹ اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی، ڈاکٹر عرفان احمد بیگ اور ڈاکٹر فوزیہ کنول نے کی۔ تقریب کا مقصد دالوں کی پیداوار، مارکیٹنگ اور ویلیو چین کو فروغ دینا تھا، جس میں صنفی شمولیت اور قدر میں اضافے پر زور دیا گیا تھا۔ اس سمپوزیم میں چار موضوعاتی سیشن شامل تھے جن میں دالوں کی پیداوار، ویلیو ایڈیشن، مارکیٹنگ اور دیہی انٹرپرائز، پالیسی کے مضمرات اور دالوں کی ویلیو چین میں صنفی شمولیت شامل ہیں۔

