بہاول پور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر رانا محمد طارق خان نے یونین کونسل نمبر 20 کے دیہی علاقے موضع گوٹھ گہنہ اور موضع باقری فتووالی میں دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے حالیہ شدید بارشوں اور دریائے ستلج میں طغیانی کے باعث پیدا صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ان علاقوں میں موجود پانی کی نکاسی، عوامی مشکلات اور فوری امدادی اقدامات کا مشاہدہ کیا۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ ن بہاول پور سٹی ذیشان خالد سمیت فہیم قریشی،راؤ عبدالقیوم، عبدالخالق،سلیم کلیار، سہیل مشتاق کلیار، ملک انضمام، سید منیب بخاری،پیر ابوبکر،اجمل کلیار و علاقے کے معززین موجود تھے۔
ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر رانا محمد طارق خان نے علاقہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج میں پانی کی سطح چونکہ روز بروز بلند ہورہی ہے اس لیے دریائی علاقوں میں رہائش پذیر خاندان اپنے ضروری سامان سمیت محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

