اسلام آباد(وصی شاہ) پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا یا نہیں، اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی کے مبینہ بھارت نواز فیصلوں کے خلاف اپنی حکمتِ عملی تیار کرلی ہے
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ٹی20 ورلڈ کپ سے متعلق چار مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی جلد وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کریں گے، جس میں قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت کے حوالے سے اجازت طلب کی جائے گی
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے آپشن کے تحت پاکستانی کھلاڑی بنگلہ دیش سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر ہر میچ میں سیاہ پٹیاں باندھ سکتے ہیں۔ تیسرے آپشن میں 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ کے بائیکاٹ پر غور کیا جا رہا ہے
پی سی بی کے ایک اور آپشن کے مطابق قومی ٹیم ہر میچ میں حاصل ہونے والی فتح بنگلہ دیشی کرکٹ شائقین کے نام کرے گی۔ اس حوالے سے چیئرمین محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو بورڈ کے موقف پر اعتماد میں لیا، جس پر کھلاڑیوں نے اصولی مؤقف کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا یقین دلایا
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بھارت میں نہ کھیلنے کے حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولوں پر مبنی ہے، جبکہ آئی سی سی کے دوہرے معیار کو مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور ہر سطح پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ملاقات میں پاک آسٹریلیا سیریز میں کامیابی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

