ساہیوال( یو پی اے ) پنجاب آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی کو پنجاب آرٹس کونسل فیصل آباد ڈویژن کی اضافی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے انہیں ساہیوال ڈویژن کے ساتھ ساتھ فیصل آباد ڈویژن میں بھی بطور ڈائریکٹر فرائض انجام دینے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
اس موقع پر علمی، ادبی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی کو مبارکباد پیش کی گئی اور اس اعتماد کو ان کی صلاحیتوں کا اعتراف قرار دیا گیا۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ایلیمنٹری) ساہیوال ڈاکٹر احسان الحق اعوان، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ساہیوال ڈویژن عقیل اشفاق اور صدر کسووال پریس کلب رجسٹرڈ اختر سردار چودھری نے ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی سے ملاقات کی اور انہیں نئی ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی کو پھول پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔مبارکباد دینے والوں کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی ایک متحرک اور باصلاحیت منتظم ہیں جنہوں نے ساہیوال ڈویژن میں آرٹس اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان کی قیادت میں پنجاب آرٹس کونسل ساہیوال ڈویژن نے مختلف ادبی، ثقافتی اور فنی پروگراموں کے ذریعے فنونِ لطیفہ کے فروغ میں اہم خدمات سرانجام دی ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے فیصل آباد ڈویژن میں بھی ثقافتی و ادبی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیں گے اور فنکاروں و ادیبوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے

