ساہیوال ( یو پی اے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی معاون خصوصی برائے فوڈ سیفٹی و کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب ماہِ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ شہریوں کو معیاری اشیائے ضروریہ مناسب نرخوں پر باآسانی دستیاب ہوں جبکہ مستحق طبقات کو خصوصی ریلیف پروگرامز کے ذریعے سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نگہبان رمضان سہولت بازار کے دورہ کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد بھی موجود تھیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کی طرح ضلع ساہیوال میں بھی نگہبان رمضان پیکج کے تحت مستحق خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے اور اب تک 70 ہزار سے زائد خاندانوں کو نگہبان کارڈ کے ذریعے دس ہزار روپے کی مالی امداد دی جا چکی ہے جبکہ مستحقین کو ان کے گھروں تک کارڈز کی ترسیل کا عمل بھی جاری ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں قائم 8 نگہبان دسترخوانوں پر روزانہ تقریباً 3 ہزار روزہ داروں کو افطاری فراہم کی جا رہی ہے تاکہ مستحق افراد کو ماہِ رمضان میں زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آ سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت صوبہ بھر میں 75 سہولت بازار قائم کیے گئے ہیں جہاں آٹا، دالیں، چینی، گھی، سبزیاں اور پھل سمیت دیگر اشیائے خوردونوش مقررہ نرخوں سے بھی کم قیمت پر دستیاب ہیں۔اس سے قبل انہوں نے سہولت بازار کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف سٹالز پر جا کر اشیائے خوردونوش کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خریداری کے لیے آنے والے مرد و خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے رمضان ریلیف اقدامات اور ضلعی انتظامیہ کے انتظامات کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا

