0

یونیورسٹی آف ساہیوال میں اسپورٹس گالا کا باقاعدہ آغاز

ساہیوال ( یو پی اے ) یونیورسٹی آف ساہیوال میں اسپورٹس گالا 2026 کا باقاعدہ آغاز، طلبہ و طالبات کی نہایت جوش و خروش کے ساتھ مختلف کھیلوں میں شرکت جس کا افتتاح بیڈمنٹن ٹورنامنٹ سے کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر تھے جبکہ رجسٹرار سید غلام علی اصغر سمیت دیگر معزز تدریسی و انتظامی سربراہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وائس چانسلر نے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور کھلاڑی طلبہ سے ملاقات کر کے انہیں کھیلوں میں بھرپور حصہ لینے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ کھیل جسمانی صحت، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور متوازن طرزِ زندگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی طلبہ کی ہمہ جہت تربیت کے لیے تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیتی رہے گی۔ اسپورٹس گالا 2026 کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس کے زیرِ اہتمام ڈاکٹر حافظ طارق مسعود کی سربراہی میں کیا جا رہا ہے۔ اس گالا میں کرکٹ، فٹبال، رسہ کشی، کبڈی، ایتھلیٹکس اور بیڈمنٹن سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے شامل ہیں۔ تمام مقابلے طلبہ و طالبات کے لیے علیحدہ علیحدہ منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ مساوی مواقع کو یقینی بنایا جا سکے۔

کھیلوں کے ساتھ ساتھ مختلف ہم نصابی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جن میں مہندی ڈیزائن، میک اپ آرٹسٹری اور کوکنگ مقابلے شامل ہیں، جن میں بالخصوص طالبات بھرپور حصہ لے رہی ہیں اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس اور دیگر معاون ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اسپورٹس گالا 2026 یونیورسٹی آف ساہیوال کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے کھیلوں اور تخلیقی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں