ساہیوال( یو پی اے ) پنجاب آرٹس کونسل ساہیوال ڈویژن اور پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پاکپتن کے اشتراک سے ’’عہدِ رگِ جاں‘‘ کے عنوان سے معرکۂ حق کی عظیم فتح کو نئی نسل تک مؤثر انداز میں منتقل کرنے کے لیے شارٹ فلم کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکۂ حق صرف ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ قومی وحدت، قربانی اور استقامت کی روشن علامت ہے جسے نئی نسل کے شعور کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان اگر اپنی تاریخ، قومی فتوحات اور شہداء کی قربانیوں سے جڑا رہے تو قوم کا مستقبل مزید مضبوط اور محفوظ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مختصر فلموں کے مقابلوں کو عصرِ حاضر کا ایک مؤثر، بامقصد اور مثبت ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تخلیقی فنون کے ذریعے نوجوان نسل کے دل و دماغ تک قومی پیغام زیادہ گہرائی کے ساتھ پہنچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس امر کو خوش آئند قرار دیا کہ نوجوان فنکار جدید ذرائع ابلاغ اور سماجی رابطوں کے ذرائع کو قومی شعور، حب الوطنی اور فکری بیداری کے فروغ کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ کے روحِ رواں جہانگیر احمد وٹو، مقابلے میں حصہ لینے والے فنکاروں اور اہلیانِ پاکپتن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے مختصر فلموں کی تخلیق کو وطن سے محبت، قومی جذبے اور پاک افواج کی لازوال قربانیوں کے ساتھ جوڑ کر ایک مثبت مثال قائم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے تخلیقی پروگرام نئی نسل کو تعمیری سوچ اور مثبت راستے کی طرف راغب کرتے ہیں۔ اس موقع پر آرٹس کونسل کی جانب سے نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کے لیے انعامات کا بھی اعلان کیا گیا۔ تقریب میں ضلع کونسل کے چیف آفیسر خداداد تارڑ نے بھی شرکت کی اور پروگرام کی افادیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق کو تخلیقی اور فنی انداز میں پیش کرنا ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جو نوجوان نسل میں قومی شعور کو مزید مضبوط کرے گا۔
آخر میں جہانگیر احمد وٹو نے پنجاب آرٹس کونسل ساہیوال ڈویژن کے تعاون اور پاکپتن کے نوجوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام شرکاء نے باہمی تعاون، جذبۂ حب الوطنی اور خلوص کے ساتھ اس مشکل اور اہم کام کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا، جو وطن سے محبت کے حقیقی اظہار کی خوبصورت مثال ہے۔ تقریب میں معروف ادبی دانشور نوید عاجز، سماجی کارکن وقار جگنو، مقابلے کے شرکا نوجوان فنکاروں اور ان کے فیملیز نے پاکپتن سے خاص طور پر شرکت کی۔

