کراچی(یو پی اے) انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز (ICCBS)، جامعہ کراچی کی ایکشن کمیٹی نے صدرِ پاکستان اور چیئرمین کامسٹیک محترم آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایات پر وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک، ڈاکٹر اقبال چوہدری کے خلاف انکوائری کمیٹی کے قیام اور گزشتہ 6 سالہ مالی و انتظامی ریکارڈ طلب کیے جانے کے اقدام کا بھرپور خیر مقدم کیا ہے۔ ایکشن کمیٹی نے اس فیصلے کو اداروں میں شفافیت اور قانون کی بالادستی کی جانب ایک ناگزیر اور خوش آئند قدم قرار دیا ہے۔
ایکشن کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، تحقیقاتی عمل کو مکمل طور پر شفاف، غیر جانبدار اور کسی بھی قسم کے بیرونی یا دفتری دباؤ سے پاک رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ اس سلسلے میں ایکشن کمیٹی نے متعلقہ اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ”ڈاکٹر اقبال چوہدری کو ان کے عہدے سے فی الفور معطل کیا جائے تاکہ وہ اپنے منصب کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے دفتری ریکارڈ میں اپنے ماتحتوں کے ساتھ مل کر ممکنہ ردوبدل نہ کر سکیں اور نہ ہی انکوائری کے عمل پر کسی بھی طرح اثر انداز ہو سکیں جہاں شواہد کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔

