0

بری میں ساوتھ ایشین ہیریٹیج تقریبات کے تحت نوجوانوں کے لیے کرکٹ پچ کا افتتاح

لندن:برطانیہ کے شہر بری میں ساوتھ ایشین ہیریٹیج تقریبات کے سلسلے میں کلیرنس پارک میں نوجوانوں کے لیے نئی کرکٹ پچ کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر مقامی سیاسی، سماجی اور کمیونٹی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی بری نارتھ کے رکنِ پارلیمنٹ جیمز فرتھ اور بری کے میئر طاہر رفیق تھے، جنہوں نے نوجوانوں کے لیے کرکٹ جیسی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس منصوبے کو کمیونٹی کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا۔

اس منصوبے کے روحِ رواں کونسلر بابر ابراہیم تھے، جنہوں نے بتایا کہ کرکٹ پچ کے قیام کے لیے بری کونسل سے منظوری حاصل کرنے میں تقریباً دو سال لگے۔ انہوں نے اس منصوبے کی تکمیل میں تعاون کرنے والے تمام اداروں، کونسل افسران اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں بری کونسل کے ارکان شاہینہ ہارون، تمور طارق، سینڈرا والمرزلے اور عدنان چودھری بھی شریک ہوئے، جبکہ بری کونسل کے افسر رائے تھکٹ نے بھی اس منصوبے کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔

تقریب کے دوران شرکاء کے لیے کھانے، مہندی اور سجاوٹ کا انتظام بری کی مقامی تنظیم Z&Z نے کیا، جبکہ پارک میں انتظامی اور خدماتی امور Friends of Clarence Park نامی فلاحی تنظیم نے سرانجام دیے۔

شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی کرکٹ پچ نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی کمیونٹی میں ہم آہنگی، کھیلوں کے فروغ اور سماجی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں