اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) نیشنل لائبریری آف پاکستان کے آڈیٹوریم میں پروقار اور پُراثر سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا موضوع ”یوتھ امپاورمنٹ، مارکہ حق (بنیان مرصوص) اور یومِ آزادی” تھا۔ اس موقع پر قومی، سماجی اور تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات، اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کی صدارت ڈائریکٹر جنرل نیشنل لائبریری آف پاکستان رانا یاسر عرفات نے کی،
مہمانِ خصوصی ریٹائرڈ فیڈرل سیکرٹری محترمہ علی بیگم تھیں۔ مہمان اعزاز ریٹائرڈ فیڈرل سیکرٹری ابو احمد عاکف اور اسسٹنٹ پروفیسر، ڈیپارٹمنٹ آف ہسٹری، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، ڈاکٹر عبدالباسط تھے۔ ایوانِ صدر کے اسکول کی پرنسپل، اساتذہ اور طلبہ نے بھی بھرپور شرکت کی۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ ابتدائی خطاب میں رانا یاسر ارفاق نے نوجوانوں کی فکری اور عملی تربیت، حق و باطل کے معرکے اور یومِ آزادی کی اہمیت پر مدلل گفتگو کی۔

طلبہ نے اردو اور انگریزی میں تقاریر پیش کیں اور مختلف فنونِ لطیفہ کا مظاہرہ بھی کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔مہمانِ خصوصی محترمہ علی بیگم نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوموں کی ترقی نوجوانوں کے کردار اور ان کی مثبت سوچ سے مشروط ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو تعلیم، اتحاد اور خدمتِ وطن کے جذبے سے سرشار رہنے کی تلقین کی۔ ابو احمد عاقب اور ڈاکٹر عبدالباسط نے بھی موضوع کی مناسبت سے مدلل اور جامع خیالات کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل نیشنل لائبریری آف پاکستان رانا یاسر عرفات نے تمام معزز مہمانان کو یادگاری شیلڈز پیش کیں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ سیمینار کو علمی و فکری حوالے سے ایک کامیاب اور یادگار پروگرام قرار دیا گیا۔

