بہاول پور: جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہر میں منعقد ہونے والے جلوسوں اور محافل میلاد کے روٹس پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کے جائیں گے۔ یہ بات چیف ایگزیکٹیو آفیسر بی ڈبلیو ایم سی محمد نعیم اختر نے مرکزی میلاد مصطفی کمیٹی بہاولپور علامہ عبدالرزاق شائق اور امیر جماعت اہل سنت بہاولپور و ناظم اعلیٰ مرکزی میلاد مصطفی کمیٹی مفتی محمد جاوید مصطفی سعیدی کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے شاندار انتظامات اورصفائی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میلاد کمیٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔صدر مرکزی میلاد مصطفی کمیٹی علامہ عبدالرزاق شائق اورامیر جماعت اہل سنت بہاولپور و ناظم اعلیٰ مرکزی میلاد مصطفی کمیٹی مفتی محمد جاوید مصطفی سعیدی نے توقع ظاہر کی کہ بی ڈبلیو ایم سی امسال بھی اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کریگی۔

