0

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سوئی ناردرن گیس کے اقدامات جاری

لاہور: مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس نے تمام ریجنل جنرل منیجرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے اسٹیشنز پر موجود رہیں اور گیس فراہمی کی بحالی کے لیے 24 گھنٹے نگرانی یقینی بنائیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں گیس سپلائی بلا تعطل بحال کی جا سکے۔

میڈیا افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق حالیہ سیلاب کے باعث سوات، مردان، سیالکوٹ، راولپنڈی، گجرات اور دیگر علاقوں میں سوئی ناردرن گیس کے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کو نقصان پہنچا ہے، جس سے تقریباً 3,383 صارفین کی گیس فراہمی متاثر ہوئی اور تقریباً 7,480 میٹر نیٹ ورک کو نقصان پہنچا۔ فیلڈ ٹیموں کے فوری ایکشن کے نتیجے میں مردان ریجن کے 90 فیصد سے زائد متاثرہ علاقوں میں گیس سپلائی بحال کردی گئی ہے، جبکہ سوات اور دیر میں 48,000 متاثرہ صارفین میں سے 47,000 کو دوبارہ گیس فراہم کردی گئی ہے جن میں سے 35,000 صارفین کو صرف تین گھنٹے کے اندر گیس کی سپلائی بحال کر دی گئی۔

تمام متاثرہ علاقوں میں مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے۔ سیالکوٹ اور گجرات میں تقریباً 2,000 صارفین کی گیس فراہمی کی بحالی کا آغاز سیلابی صورتحال تھمتےہی کر دیا جائے گا۔ سوات میں 25 کلومیٹر متاثرہ نیٹ ورک دوبارہ بحال کیا جاچکا ہے، تاہم بنگلہ دیش (480 کنکشنز)، ملا بابا (200 کنکشنز) اور لنڈی کاس و مکان باغ (400 کنکشنز) جیسے شدید متاثرہ مقامات پر انفراسٹرکچر کے مکمل تباہ ہونے اور تقریباً 200 سروس لائنوں کے مکمل نقصان کی وجہ سے تعمیر نو کا کام زیر التواء ہے۔

مینیجنگ ڈائریکٹر نے انتھک محنت کرنے والی سوئی ناردرن ٹیموں کے جذبے کو سراہتے ہوئے ایک مرتبہ پھر ہدایت کی ہے کہ ہر متاثرہ صارف تک گیس فراہمی کی مکمل بحالی کے لیے بھرپور اور مسلسل کوششیں جاری رکھی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں