ساہیوال( یو پی اے) وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ کا گورنمنٹ حاجی عبدالقیوم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ،انہوں نے مختلف وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سید اظہر نقوی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے دورے کے دوران وفاقی وزیر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے بات چیت کی اور علاج معالجے کے حوالے سے ان کے مسائل سنے
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں پیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ شہریوں کو معیاری علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے پر اربوں روپےخرچ کر رہی ہے تاکہ عوام کو بہترین طبی سہولیات میسر آ سکیں وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اب ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ذمہ داری ہے کہ ہسپتال آنے والے ہر مریض کو توجہ، عزت اور معیاری علاج فراہم کیا جائے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہسپتال آنے والے تمام مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے

