ساہیوال(یو پی اے) ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام دو روزہ ادبی و ثقافتی کانفرنس 2026 بعنوان“ماحولیات، ادب اور ثقافت ( ایک نئے مکالمے کی تلاش)” کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ اس عالمی کانفرنس میں ملک بھر سے ستر کے قریب ممتاز اسکالرز، ادیبوں اور دانشوروں نے شرکت کی اور ماحولیات جیسے اہم اور عصری موضوع پر بھرپور مکالمے پیش کئے اور علمی مباحث اور فکری نشستیں منعقد ہوئیں مختلف اسکالرز نے اپنے تحقیقی مقالات میں ماحولیات، ادب اور ثقافت کے باہمی ربط کو بھی اجاگر کیا کانفرنس کے دوران موضوع سے متعلق اسٹیج ڈرامے پیش کیے گئے،
فکری نشستیں اور سیمینارز منعقد ہوئے جبکہ مشاعروں نے ادبی فضا کو مزید جلا بخشی اس موقع پرمحفل موسیقی کا انعقاد ہوا۔ کانفرنس میں پاکستان کلچرل شو بھی پروگرام کا خاص حصہ تھا جس میں پاکستان کے مختلف علاقائی رقص پیش کیے گئے اور ثقافتی رنگا رنگی نے شرکا کو بے حد متاثر کیا۔کانفرنس کے اختتام پر مندوبین کو چیچہ وطنی فارسٹ کی سیر کرائی گئی جہاں ماحولیات کے تناظر میں ایک خصوصی مکالمہ منعقد ہوا۔ فطری ماحول میں شعری نشست بھی سجائی گئی اور ثقافتی رقص نے تقریب کو یادگار بنا دیا ملک بھر سے آئے ہوئے اسکالرز نے ساہیوال کو ایک فعال اور ابھرتے ہوئے ادبی مرکز کے طور پر تسلیم کیا اور اس امر کا اعتراف کیا کہ ساہیوال اس وقت اہم اور منفرد موضوعات پر قومی سطح کی کانفرنسوں کے انعقاد میں نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔ شرکا نے اس کانفرنس کو پاکستان کی اہم اور منفرد ادبی کانفرنس قرار دیتے ہوئے اس کے انعقاد کو سراہا۔
ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے اپنے اختتامی کلمات میں کمشنر ساہیوال ڈویژن و ضلعی انتظامیہ، مختلف تعلیمی اداروں،ان کے سربراہان اور تعاون کرنے والی تمام شخصیات کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پورے شہر کی ہے جس کے باعث یہ کانفرنس شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوئی اور ملک بھر سے مثبت اور حوصلہ افزا ردعمل موصول ہو رہا ہے شہر اور ملک کے علمی و ادبی حلقے بھی اس کانفرنس کو ایک اہم سنگ میل قرار دے رہے ہیں اور اسے ماحولیات جیسے سنجیدہ اور قومی موضوع پر منعقد ہونے والی نمایاں اور مؤثر ادبی کاوش تصور کیا جا رہا ہے

