ساہیوال یو پی اے)رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی شہر کے مختلف علاقوں میں گرانفروشی عروج پر پہنچ گئی کوٹ خادم علی شاہ نور شاہ روڈ پر دکانداروں نے سرکاری نرخ ناموں کو نظر انداز کرتے ہوئے اشیائے خوردونوش کے من مانے ریٹ مقرر کر لیے ہیں اہل علاقہ کے مطابق گوشت فروٹ اور پرچون کی دکانوں پر قیمتیں سرکاری لسٹ سے کہیں زیادہ وصول کی جا رہی ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ جب دکانداروں سے ریٹ کے بارے میں پوچھا جاتا ہے تو وہ صاف الفاظ میں کہتے ہیں کہ لینا ہے تو لیں ورنہ جہاں سے مرضی لے لیں جس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے رمضان سے قبل ہی مہنگائی کے اس طوفان نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے
شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں بے جا اضافہ ناقابل برداشت ہو چکا ہے جبکہ پرائس کنٹرول کا نظام عملاً غیر فعال دکھائی دیتا ہے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ساہیوال سے فوری نوٹس لینے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ رمضان المبارک سے قبل عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے اور سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

