ساہیوال (یو پی اے) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی سخت مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے ساہیوال کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا سیکرٹری ہاؤسنگ نے سیفٹی پروٹوکولز، تعمیراتی میٹریل کے معیار اور کام کی رفتار کا معائنہ کیا انہوں نے سائٹ افسران اور متعلقہ عملے سے جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کی
ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے جبکہ ایم ڈی واسا تنویر قیصر سندھو نے جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ساہیوال میں 120 کلومیٹر طویل سیوریج نظام کی تشکیل نو پر کام کا آغاز ہو چکا ہے اس کے علاوہ 13 کلومیٹر طویل مین ڈرین تعمیر کی جائے گی جبکہ دو اسٹارم واٹر اسٹوریج ٹینکس بھی منصوبے کا حصہ ہیں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا کہ ان دوروں کا مقصد ترقیاتی کاموں کو مثبت اور شفاف انداز میں بروقت مکمل کروانا ہے انہوں نے واضح کیا کہ معیار اور رفتار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران شہریوں اور راہگیروں کی حفاظت کا خاص خیال رکھا جائے اور رات کے اوقات میں کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے مزید برآں حفاظتی سائن بورڈز نمایاں اور واضح مقامات پر نصب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی سیکرٹری ہاؤسنگ نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر دیگر اضلاع کے دورے بھی کیے جائیں گے تاکہ صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے

