0

ساہیوال ریلوے اسٹیشن پر ریلوے کے عملہ اور مسافروں کا احتجاج

ساہیوال ( یو پی اے) ساہیوال ریلوے اسٹیشن پر ریلوے کے عملہ اور مسافروں نے ریلوے لائن پر احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا اور 15 اپ کراچی ایکسپریس کو روک لیا ٹرین دس منٹ تک رکی رہی مظاہرین نعرہ بازی کرتے رہے اور مطالبہ کیا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے ریلوے اسٹیشن کی بجلی بل کی عدم ادائیگی پر کاٹ دی گئی تھی بجلی بحال کی جائے

تفصیلات کے مطابق ریلوے حکام نے میپکو واپڈا کا 40 لاکھ روپے کا بل ادا نہیں کیا جس پر میپکو واپڈا نے گزشتہ ایک ہفتے سے بجلی کا کنیکشن کاٹ رکھا ہے بجلی کا کنکشن کٹ جانے کی وجہ سے ریلوے کالونیوں ریلوے تھانہ ریسٹ ہاؤس ڈسپنسری رننگ روم ریلوے یارڈ ریلوے گارڈ روم میں بجلی نہیں ہے بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی نہیں دستیاب جبکہ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کے لیے واش روم کو تالے لگا کر بند کر دیا گیا ہے مسافروں کو بھی اس سلسلے میں شدید پریشانی کا سامنا ہے دوسری طرف رہائش رکھنے والے ملازمین اور تھانہ کہ پولیس ملازمین سخت پریشان ہیں احتجاج کرنے کے باوجود ابھی تک بجلی بحال نہیں ہو سکی اور تمام علاقے رات کے وقت اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں

ملازمین نے کہا ہے کہ ہماری طرف بجلی کے بل کی کوئی قسط باقی نہیں ہے کیونکہ ہماری تنخواہوں کے ساتھ ہر مہینے بجلی کا بل کی رقم کاٹ لی جاتی ہے یہ بل سی بی ائی سگنلز کا بل ہے جو ابھی تک ادا نہیں کیا جا سکا اس میں ہمارا کیا قصور ہے رمضان المبارک میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے افطاری اور سحری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے زندگی بری طرح مفلوج ہو چکی ہے انہوں نے ڈی ایس ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بجلی کے بل کی ادائیگی کر کے کنکشن بحال کیا جائے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں