ساہیوال( یو پی اے) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے ضلعی دفاتر کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا دورے کے دوران سپورٹنگ آفیسر نے دفتر کے انتظامی امور، جاری کارروائیوں، انسپکشنز، فیلڈ آپریشنز اور اب تک حاصل کیے گئے اہداف کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے پیرا کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا اور عملے سے کارکردگی، درپیش مسائل اور آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں معلومات حاصل کیں
انہوں نے جاری کیسز، موصول ہونے والی شکایات اور ان کے ازالے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا اس موقع پر انہوں نے افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں نیک نیتی، ایمانداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ سرانجام دیں تاکہ عوام کو بہتر ریلیف فراہم کیا جا سکے انہوں نے دفتر کے داخلی راستے کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے دفتر میں موجود سائلین سے بھی ملاقات کی اور ان سے فراہم کی جانے والی سہولیات اور عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا
انہوں نے دفتر کے لان میں پودے لگانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سرکاری اداروں میں سرسبز ماحول کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام ادارے اپنی کارکردگی مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنائیں

