ساہیوال( یو پی اے) ضلعی الیکشن کمشنر ساہیوال ہما ظفر کی جانب سے گورنمنٹ گرلز گریجویٹ کالج ساہیوال میں ایک خصوصی آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد طالبات کو حقِ رائے دہی کی آئینی و قانونی حیثیت، کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے تقاضوں اور ایک پاکستانی شہری کی حیثیت سے ان کے جمہوری و قانونی فرائض سے آگاہ کرنا تھا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی الیکشن کمشنر نے ووٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ووٹ صرف ایک حق نہیں بلکہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے،
جس کے ذریعے وہ اپنے ملک اور قوم کے مستقبل کے فیصلوں میں براہِ راست کردار ادا کرتا ہے انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ اٹھارہ سال یا اس سے زائد عمر کے وہ تمام شہری جو کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے حامل ہیں، اپنے ووٹ کے اندراج کو ہر صورت یقینی بنائیں، کیونکہ انتخابی عمل میں شرکت کے لیے شناختی کارڈ کا حصول قانونی طور پر لازم ہے۔اس موقع پر بڑی تعداد میں نوجوان طالبات نے شرکت کی اور انتخابی عمل میں شمولیت کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا تقریب کے دوران“میرا ووٹ، میری آواز”کے پیغام کو اجاگر کیا گیا اور خواتین کو جمہوری عمل میں بھرپور کردار ادا کرنے کی ترغیب دی گئی
ضلعی الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان خواتین کے مساوی حقوق کے تحفظ اور انہیں قومی دھارے میں مؤثر نمائندگی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تقریب کے اختتام پر طالبات نے الیکشن کمیشن کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے انتخابی عمل میں عملی شمولیت کے عزم کا اظہار کیا

