0

اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے،ڈی سی ساہیوال

ساہیوال یو پی اے) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے ضلع بھر میں مہنگائی پر قابو پانے اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ سرکاری قیمتوں پر دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے ۔

انہوں نے سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی کو مزید موثر بنائیں، روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کے دورے کریں اور پرائس لسٹوں کی نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کو یقینی بنائیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران ضلع بھر میں 3ہزار 8سو50 انسپکشنز کی گئیں جس دوران ناجائز منافع خوری میں ملوث 7 دکانیں سیل کی گئیں ، ایک ایف آئی آر کا اندراج جبکہ 20 لوگوں کو گرفتار کروایا گیا ۔

اجلاس میں ماہِ مبارک رمضان کے دوران قائم رمضان سہولت بازاروں میں اشیائے خورونوش کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں شہریوں کو معیاری اشیاء مناسب قیمتوں پر فراہم کی جائیں اور وہاں صفائی، سکیورٹی اور دیگر سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں