ساہیوال ( یو پی اے) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور غیر مجاز پارکنگ اسٹینڈز کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں انہوں نے واضح کیا کہ ان ہاؤسنگ سکیموں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو فراڈ اور مالی نقصان سے بچایا جا سکے انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں منعقدہ ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی
اجلاس میں آر پی او محمد ایاز سلیم، ڈی پی او محمد عثمان ٹیپو، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، اے ڈی سی جنرل نیاز احمد مغل، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید، ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا، ڈی پی او جاوید اقبال چدھڑ نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی اجلاس کے دوران اوکاڑہ اور پاکپتن کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے علاقوں میں امن و امان اور گورننس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی
کمشنر نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ حکومتی اقدامات کے اثرات عوام کو واضح طور پر نظر آنے چاہئیں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پرائس کنٹرول پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ڈویژن بھر میں نان ٹیکس پیڈ سگریٹس اور تجاوزات کے خلاف بھی بلا تعطل کاروائیاں جاری ہیں اسی طرح غیر قانونی پیٹرول پمپس اور ایل پی جی ڈی کینٹنگ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے
انہوں نے تینوں اضلاع کی انتظامیہ پر زور دیا کہ ان غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے باہمی رابطہ مضبوط کریں انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول کی فراہمی سمیت مختلف منصوبوں پر کام بھی جاری ہے

