ساہیوال (یو پی اے) ساہیوال بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کے زیر اہتمام سکینڈری سکول سرٹیفکیٹ کے (پہلا سالانہ) امتحانات 8 مئی تک جاری رہیں گے۔ ان امتحانات کو شفاف اور پرامن بنانے کے لئے ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے 26اپریل سے 8مئی تک 13روز کے لئے دفعہ 144 نافذ کردی ہے جس کے تحت امتحانی مراکز کے 100 گز کے دائرہ کار میں صرف متعلقہ امیدوار، جن کے پاس مستند رول نمبر سلپ ہو اور امتحانی عملہ داخل ہو سکے گا،
اس کے علاوہ امتحانی مراکز کے ارد گرد ہر قسم کے احتجاج، جلوس یا مظاہرے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ امتحان سے قبل یا دوران امتحان موبائل فون، ڈیجیٹل ڈائری، کتابیں، گائیڈز، حل شدہ پرچے یا کسی بھی قسم کا متعلقہ مواد لے جانے پر بھی پابندی ہوگی۔ طلبہ، نگران عملے یا کسی بھی فرد کی جانب سے ناجائز ذرائع کے استعمال کو سختی سے روکا جائے گا۔یہ پابندیاں ضلع ساہیوال میں قائم تمام 74 امتحانی مراکز کے گرد نافذ العمل ہوں گی

