ساہیوال ( یو پی اے ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، سی ای او کمپنی افتخار علی، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران سی ای او اور ایم ڈی کمپنی نے صفائی ستھرائی کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے بہتر کارکردگی پر ٹیم کو شاباش دی اور ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے، لہٰذا شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ موبائل ایپلیکیشن اور ہیلپ لائن 1139 پر موصول ہونے والی شکایات کو بروقت حل کیا جائے۔ کمشنر نے مزید ہدایت دی کہ کمپنی کا باقاعدہ واٹس ایپ نمبر بھی متعارف کروایا جائے تاکہ شہری اپنی شکایات براہِ راست درج کرا سکیں۔ انہوں نے فیلڈ مانیٹرنگ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں متحرک رہیں اور مشینری و عملے کی کارکردگی کو بہتر بنائیں تاکہ شہریوں کو بہترین صفائی کی سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے ایم ڈی کمپنی کو ہدایت دی کہ فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور شہر کی تمام یونین کونسلز میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے، جبکہ ڈیپ کلیننگ کے عمل کو بھی تیز کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ شہر کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں اور قصبات میں بھی صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔ کمشنر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کوڑا کرکٹ مقررہ کوڑا دان میں ڈالیں اور صفائی عملے کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جمع شدہ کوڑا کرکٹ کو بروقت اور محفوظ طریقے سے ڈمپنگ سائٹ تک منتقل کیا جائے تاکہ تعفن اور ماحولیاتی آلودگی سے بچا جا سکے۔ اجلاس میں “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

