ساہیوال (یو پی اے) وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ناصر محمود نے کہا ہے کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے اس لئے تعلیمی اداروں کو بدلتے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا۔ اساتذہ کا بنیادی فرض ہے کہ وہ طلبہ و طالبات کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی یکساں توجہ دیں تاکہ نوجوانوں کو حقیقی معنوں میں معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی نے نصف صدی قبل فاصلاتی تعلیم کا جو ماڈل اپنایا تھا، آج وہی طریقہ کار دنیا بھر کی جامعات اختیار کر رہی ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل کیمپس ساہیوال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ڈاکٹر ملک توقیر احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر احمر ذوالفقار احمد نون، کمانڈنگ پنجاب پریزن ٹریننگ سٹاف کالج ساہیوال ملک شوکت فیروز اعوان، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، پرنسپل گورنمنٹ کالج پروفیسر ممتاز احمد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فوزیہ اعجاز، سابق چیئرمین ساہیوال بورڈ حافظ محمد شفیق، یونیورسٹی کے ڈینز، پرنسپلز، افسران، طلبہ و طالبات اور والدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
افتتاح کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کو کیمپس بارے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ یہ سٹیٹ آف دی آرٹ کیمپس 2 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے جس پر 27 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ ہوئی ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروجیکٹ ہے جس کی نئی عمارت کے گراؤنڈ فلور پر ریجنل ڈائریکٹر آفس، سٹاف آفسز، سٹوڈنٹ فسیلیٹیشن ایریا، لیبز، لائبریری، ٹیوٹوریل روم اور سٹور جبکہ فرسٹ فلور پر لیکچر تھیٹر، امتحانی ہال، کلاس رومز اور کانفرنس روم بنایا گیا ہے۔ تقریب جس کی نقابت معروف کمپیئر سیدہ آمنہ ریاض نے کی سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے بتایا کہ 1974 میں قائم ہونے والی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ایشیا کی پہلی جبکہ دنیا کی دوسری فاصلاتی تعلیم کی یونیورسٹی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والے لاکھوں طلبہ و طالبات ملک و قوم کی ترقی میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور تعلیم اور ڈگریاں حاصل کرنے کی بجائے تربیت کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال ریجن کے 25 ہزار سے زائد موجودہ طلبہ و طالبات کی تعلیمی ضروریات موثر انداز میں پوری کی جا رہی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ڈاکٹر ملک توقیر احمد نے ریجنل سنٹر کے قیام پر اہلیان ساہیوال کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ہر گھر کی دہلیز پر تعلیم کی فراہمی کا فریضہ بخوبی انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر ملک و قوم کی ترقی ناممکن ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی اور کمانڈنٹ پریزن ٹریننگ سٹاف کالج شوکت فیروز اعوان نے بھی خطاب کیا اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالی۔

