ساہیوال( یو پی اے) وفاقی مشیر برائے ثقافت و قومی یکجہتی حکومتِ پاکستان چوہدری محمد ارشد اسماعیل اور صوبائی کوآرڈینیٹر پنجاب ‘دخترانِ پاکستان’ پروگرام مسز منیبہ نیئر نے پنجاب آرٹس کونسل ساہیوال ڈویژن کا تفصیلی دورہ کیا اور آرٹس کونسل کی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے جاری ثقافتی سرگرمیوں بارے بریفنگ دی۔
وفاقی مشیر چوہدری محمد ارشد اسماعیل نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان مختلف اور خوبصورت ثقافتوں کا مجموعہ ہے جو ہماری اصل قومی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال کا خطہ اپنی تاریخی اور روحانی اہمیت کے باعث منفرد مقام رکھتا ہے، یہاں ہڑپہ جیسی عظیم قدیم تہذیب موجود ہے تو دوسری طرف حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ جیسے عظیم صوفی بزرگ کا آستانہ ہے جن کی تعلیمات سراسر امن، رواداری اور بھائی چارے پر مبنی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل اور قومی استحکام کے لیے ہمیں قومی وحدت اور ایک مضبوط پاکستانی بیانیے کی تشکیل کے حوالے سے باہم مل جل کر کوششیں کرنی چاہئیں۔
ہمارا مقصد اپنی ثقافتی اقدار کے ذریعے نئی نسل میں حب الوطنی اور یکجہتی کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔ صوبائی کوآرڈینیٹر پنجاب مسز منیبہ نیئر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ثقافت دنیا بھر میں اپنی ایک الگ پہچان اور حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی دھرتی امن پسند ہے اور یہاں کی ثقافت کی ترویج کے ذریعے ہم پوری دنیا کو پاکستان کا ایک پُرامن اور خوبصورت چہرہ دکھا سکتے ہیں۔
‘دخترانِ پاکستان’ پروگرام کے تحت ہماری یہ کوشش ہے کہ معاشرے میں امن، رواداری اور ثقافتی شعور کو اجاگر کیا جائے تاکہ انتہا پسندی کا خاتمہ ہو اور ایک خوشحال معاشرہ پروان چڑھے۔ دورے کے اختتام پر معزز مہمانوں نے آرٹس کونسل ساہیوال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ڈائریکٹر آرٹس کونسل کی جانب سے خطے کے فن و ثقافت کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

