0

چیئرمین ساہیوال پریس کلب کا دنیا بھر کے صحافیوں کو خراج تحسین

ساہیوال( یو پی اے ) چیئرمین ساہیوال پریس کلب رجسٹرڈ ساہیوال حافظ وحید احمد نے 3 مئی کو عالمی یوم صحافت کے موقع پر دنیا بھر کے صحافیوں کو خراج تحسین اور شہداء صحافت کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اپنے ایک پیغام میں حافظ وحید احمد نے کہا کہ آج کے پروپیگنڈے اور سوشل میڈیا کے دور میں وہ صحافی واقعی عظیم ہیں جو ہر طرح کے دباؤ، خطرات اور مشکلات کے باوجود سچی، تصدیق شدہ اور غیر جانبدارانہ خبریں عوام تک پہنچاتے ہیں اور قلم کی حرمت کو پامال نہیں ہونے دیتے

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں صحافی بے شمار مسائل کا شکار ہیں رپورٹنگ کے دوران جان کا خطرہ، دھمکیاں اور تشدد ایک تلخ حقیقت ہے۔ معاشی مشکلات بھی کم نہیں ـ کم تنخواہیں، بے روزگاری اور نہ صرف معاشی عدم تحفظ کا خوف ہر وقت گھیرے رہتا ہے بلکہ قانونی پیچیدگیاں جھوٹے مقدمات اور ہراسانی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل خطرات کا نیا محاذ جہاں سوشل میڈیا پر ہراسانی اور سائبر حملے معمول بن چکے ہیں۔ سینسرشپ اور دباؤ کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے اور سچ بولنے پر اشتہارات کی بندش سے اداروں کو مالی نقصان پہنچانا اور صحافیوں کو نوکریوں سے نکلوانا بھی چلتا رہتا ہے

لیکن ان تمام مصائب کے باوجود جو صحافی سچ کا دامن تھامے رکھتے ہیں وہ قوم کے حقیقی محافظ ہیں۔ انہوں نے ان تمام شہداء صحافت کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے قلم اور سچ کی راہ میں اپنی جانیں قربان کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں