ساہیوال ( یو پی اے) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ ساہیوال میں حکومت پنجاب کی جانب سے زمین و جائیداد کی لین دین کے لئے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے جس کا مقصد جائیداد کی ملکیت کو محفوظ بنانا ہے اور زمین و جائیداد کے لین دین میں فراڈ کو ختم کرنا ہے۔
وہ اپنے دفتر میں گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مرحبا نعمت،پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے افسران اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اور اے ڈی سی آر نے گرین پراپرٹی سرٹیفیکیٹ کے اجراء اور مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ نظام کو مزید شفاف، مؤثر اور تیز بنایا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے افسران کو تاکید کی کہ درخواستوں کی بروقت پراسیسنگ یقینی بنائی جائے اور شہریوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں باہمی رابطے کو فروغ دینے اور ادارہ جاتی ہم آہنگی بڑھانے پر بھی زور دیا گیا تاکہ مقررہ اہداف کا بروقت حصول ممکن بنایا جا سکے۔

