ساہیوال ( یو پی اے) پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے زیر اہتمام ایک خصوصی پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی اور چینی سکے اور پوسٹل اسٹیمپس کے خوبصورت ڈیزائن تیار کرنے کا مقابلہ رکھا گیا۔ اس تقریب میں ڈویژن بھر سے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل تھے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس نوعیت کے مثبت اور تخلیقی مقابلوں کا انعقاد نہایت خوش آئند ہے، جس سے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملتا ہے اور وہ اپنے شہر اور ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کی مثال دنیا میں منفرد ہے اور نئی نسل کو اس تاریخی رشتے سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز سیدہ ڈاکٹر عندلیب، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے پرنسپل پروفیسر ممتاز احمد اور پروفیسر عمران جعفر نے تقریب کے اغراض و مقاصد اور دیگر انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقابلے کا مقصد طلبہ میں تخلیقی سوچ کو فروغ دینا اور پاک چین تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔تقریب میں طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے فن پاروں کو خوب سراہا گیا

