ساہیوال ( یو پی اے) ڈائیریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے کہا ہے کہ فن صرف اظہار نہیں بلکہ معاشرے کی تعمیر کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے۔ اسی فن کے فروغ کے لئے پنجاب کونسل آف آرٹس ساہیوال ڈویژن کی جانب سے ایک فکری و تخلیقی پیغام کے طور پر بامقصد پروگرام “ہم مائیں، ہم بہنیں، ہم بیٹیاں” کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں عورت کے وقار، کردار اور تخلیقی قوت کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔
یہ پروگرام محض ایک تقریب نہیں بلکہ ایک سوچ اور ایک تحریک ہے جو یہ باور کرواتی ہے کہ تعلیم یافتہ عورت ہمت، خود اعتمادی اور شعور کی وہ روشن علامت ہے جو معاشرے کی بنیادوں کو مضبوط کرتی ہے۔ ماں، بہن اور بیٹی کے روپ میں وہ نسلوں کی تربیت اور سماجی اقدار کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ڈائریکٹر آرٹس کونسل ساہیوال ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے کہا کہ ایسے پروگرامز نوجوانوں کے اندر چھپی تخلیقی صلاحیتوں کو بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ایک مثبت اور باوقار سمت بھی فراہم کرتے ہیں۔ ان کے مطابق اصل ترقی وہی ہے جو علم کے ساتھ کردار، ہمت اور تخلیقی شعور کو بھی پروان چڑھائے۔
اس سلسلے میں ڈویژن بھر کے تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کے لیے تین روزہ تخلیقی مقابلہ جات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں پینٹنگ مقابلہ 14 مئی، ٹیبلو مقابلہ 15 مئی اور تقریری مقابلہ 16 مئی کو ہوگا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کے لیے پُرکشش انعامات اور شرکاء کے لیے سرٹیفکیٹ بھی رکھے گئے ہیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکے اور وہ اپنے فن کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی کا حصہ بن سکیں رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور تمام خواہشمند طلبہ و طالبات کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اس فکری و تخلیقی سفر کا حصہ بنیں

