ساہیوال ( یو پی اے ) ساہیوال آرٹس کونسل اور بارانی انسٹیٹیوٹ آف سائنسز کی جانب سے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق اور معروف ماہر تعلیم پروفیسر ریاض خان کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہیں یہ ایوارڈ ساہیوال آرٹس کونسل اور بارانی انسٹیٹیوٹ آف سائنسز کے باہمی اشتراک سے معرکہ حق میں بنیان مرصوص میں مسلح افواج کی بے مثال کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب میں دیا گیا۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، اساتذہ، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے محمد عقیل اشفاق کی شعبہ تعلقات عامہ میں نمایاں کارکردگی اور پروفیسر ریاض خان کی تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کے دوران مقررین کا کہنا تھا کہ دونوں شخصیات نے اپنے اپنے شعبوں میں نہ صرف نمایاں کامیابیاں حاصل کیں بلکہ نئی نسل کی رہنمائی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات آنے والے وقتوں میں بھی مشعلِ راہ رہیں گی۔
آخر میں مہمانانِ خصوصی نے ایوارڈز پیش کیے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسی تقریبات کے ذریعے باصلاحیت افراد کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا

