ساہیوال ( یو پی اے ) محکمہ لائیو سٹاک کے زیر اہتمام جدید فارمنگ طریقوں اور حکومتی سکیموں سے استفادہ کے حوالے سے ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں افسران، ماہرین اور فارمرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) لائیو سٹاک پنجاب ڈاکٹر عثمان طاہر نے کہا کہ حکومتِ پنجاب لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی کے لیے 32 ارب روپے کی لاگت سے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے جن کا مقصد فارمرز کی آمدن میں اضافہ اور اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارمرز کو ویلیو ایڈیشن کی جانب راغب کیا جا رہا ہے تاکہ وہ دودھ اور گوشت سے ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کر کے زیادہ منافع حاصل کر سکیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (ایکسٹینشن) لائیو سٹاک پنجاب ڈاکٹر سید ندیم بدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک فارمرز کو جدید فارمنگ طریقوں اور مویشیوں کی بہتر دیکھ بھال سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کر رہا ہے تاکہ پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سبسڈائزڈ لون اسکیم کے تحت جدید ڈیری و میٹ پروسیسنگ مشینری کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے
جس سے فارمرز کو اپنے کاروبار میں وسعت دینے میں مدد ملے گی۔ سیمینار کے شرکا نے حکومتِ پنجاب کی ان کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت میں لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی اور فارمرز کی خوشحالی کے لیے ایسے اقدامات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا

