ساہیوال ( یو پی اے) پریزن سٹاف ٹریننگ کالج ساہیوال میں جیل وارڈز کی چھٹی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ کمانڈنٹ پریزن سٹاف کالج ملک شوکت فیروز اعوان نے سلامی لی۔ جس میں پنجاب کی مختلف جیلوں میں تعینات 243 وارڈز نے تربیت مکمل کی۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں ڈپٹی کمانڈنٹ ثاقب نذیر چوہدری، کورس کمانڈنگ کوثر پروین اور سینئر سپرنٹینڈنٹ ہائی سکیورٹی جیل زبیر احمد، سی ای او بارانی انسٹیٹیوٹ آف سائنسز میاں محمد ساجد، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی اور مقررین شہر نے بھی شرکت کی۔ کمانڈنٹ سٹاف کالج ملک شوکت فیروز اعوان نے پریڈ کی کارکردگی کو سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک شوکت فیروز اعوان نے کہا کہ سٹاف کالج کو صوبے کا بہترین ادارہ بنانے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیر تربیت وارڈز کی ذہنی و جسمانی مضبوطی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں کیڈٹس کا ڈسپلن قابل تقلید ہے۔ اس موقع پر کیڈٹ مبین شوکت کو فائرنگ پریکٹس اور کیڈٹ محمد آصف کو ڈرل میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر ٹرافیاں دی گئیں۔

