0

اسسٹنٹ کمشنر نے سپیشل ایجوکیشن اسکول طارق بن زیاد کالونی کا دورہ کیا

ساہیوال( یو پی اے) اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد نے بصارت سے محروم خصوصی بچوں کیلئے قائم گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن اسکول طارق بن زیاد کالونی کا دورہ کیااور ادارے میں فراہم کی جانے والی تعلیمی، تربیتی اور بحالی کی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف کلاس رومز، کمپیوٹر لیب اور بریل سسٹم کے ذریعے تدریسی سرگرمیوں اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی خصوصی معاون سہولتوں کا بغور مشاہدہ کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کو معیاری تعلیم اور باوقار ماحول کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ایسے ادارے خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ سے بھی ملاقات کی اور ان کی تعلیمی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔انہوں نے ادارے کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی، تدریسی نظم و ضبط اور دستیاب سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ مزید بہتری کے لئے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

اس موقع پر سکول انتظامیہ نے ادارے کی کارکردگی، درپیش مسائل اور طلبہ کی فلاح و بہبود کے حوالے سے بریفنگ دی۔اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد نے واضح کیا کہ خصوصی بچوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے اور انہیں خود مختار شہری بنانے کے لئے مربوط اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں