ساہیوال( یو پی اے) ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر نے بھٹو نگر میں پنجاب ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر پنجاب ڈیویلپمنٹ پروگرام کے متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران شفیق احمد ڈوگر نے جاری ترقیاتی کاموں، بالخصوص سیوریج لائنوں کی تنصیب کے منصوبے کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے کام کی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی کاموں کے دوران سیفٹی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ شفیق احمد ڈوگر نے مزید کہا کہ منصوبے کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ علاقہ مکینوں کو سیوریج اور نکاسی آب جیسے مسائل سے جلد نجات مل سکے اور انہیں روزمرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد صفائی اور بحالی کے امور بھی فوری انجام دیے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

