ساہیوال( یو پی اے) صوبائی خاتون محتسب پنجاب ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے کہا ہے کہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب میں خواتین کے خلاف ہراسمنٹ کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ خواتین کو کام کی جگہ پر محفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساہیوال میں ریجنل آفس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ریجنل ہیڈ قاسم بشیر چوہدری، لا آفیسر رائے عبداللہ اور پرسنل اسٹاف آفیسر حافظ فاروق بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے بتایا کہ ادارہ 2013 سے اب تک درج ہونے والے 1400 مقدمات میں سے 1306 کیسز کے فیصلے سنا چکا ہے، جو ادارے کی مؤثر کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسدادِ ہراسمنٹ ایکٹ 2012 اور پنجاب انفورسمنٹ آف وومن پراپرٹی رائٹس ایکٹ 2021 سے متعلق عوامی آگاہی مہم بھی جاری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہراسمنٹ کے خاتمے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی خاتون کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر متاثرہ خاتون کو بلا امتیاز انصاف فراہم کیا جائے گا۔

