ساہیوال( یو پی اے) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر اصف طفیل کی زیر صدارت اندرون جنرل بس سٹینڈ اور بیرون لاری اڈا کی تعمیر و بحالی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، کنٹریکٹرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے تعمیراتی سرگرمیوں، سہولیات کی فراہمی اور منصوبے کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر اصف طفیل نے ہدایت کی کہ اندرون جنرل بس سٹینڈ اور بیرون لاری اڈا پر جاری تعمیراتی کام کو مزید تیز کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ مسافروں کے لیے جدید ویٹنگ ایریاز قائم کیے جائیں جہاں سٹیل کے بینچ نصب ہوں جبکہ خواتین اور مردوں کے لیے الگ الگ واش رومز کی سہولت بھی مہیا کی جائے۔ کمشنر ساہیوال نے ہدایت کی کہ داخلی اور خارجی راستوں کو ہموار اور کشادہ بنایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے بیرون لاری اڈا میں کنٹرول روم قائم کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ سکیورٹی اور انتظامی امور کو مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اندرون و بیرون جنرل بس سٹینڈز پر ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور تعمیراتی کام کے ساتھ ساتھ اڈوں کی بیوٹیفکیشن پر خصوصی توجہ دی جائے۔
گرین بیلٹس، موسمی پودوں اور خوبصورت ماحول کے ذریعے اڈوں کو شہریوں کے لیے پرکشش بنایا جائے جبکہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بھی ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ ڈاکٹر اصف طفیل نے کہا کہ عوام کو بہتر، محفوظ اور جدید سفری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

