ساہیوال( یو پی اے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن، صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی ہدایات اور سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ کی قیادت میں غیر قانونی سیمن کی تیاری اور فروخت میں ملوث مکروہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک ساہیوال نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ایک سیمین پروڈکشن یونٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مبینہ جعلی سیکسڈ سیمین کی تیاری اور غیر رجسٹرڈ بیلوں کے سیمن کی فروخت و ترسیل کے شواہد برآمد کر لیے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ساہیوال ڈاکٹر علی اسلم کی سربراہی میں محکمہ لائیو سٹاک ساہیوال کی ٹیم، جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک چیچہ وطنی ڈاکٹر عزیز احمد، ڈاکٹر محمد افضال اور ڈاکٹر اسامہ افضل شامل تھے، نے مقامی پولیس کے ہمراہ ملتان روڈ چیچہ وطنی چکنمبر 110/12- ایل کے قریب واقع نجی سیمن پروڈکشن یونٹ ہلہ سائرز (Halla Sires) پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران یونٹ میں متعدد بے ضابطگیاں سامنے آئیں، جن میں پنجاب لائیو سٹاک بریڈنگ ایکٹ 2014 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیکسڈ سیمین کی غیر مجاز تیاری، پراسیسنگ اور استعمال شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مذکورہ یونٹ پنجاب بریڈنگ سروسز اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ تھا، تاہم اس کی جاری سرگرمیاں مقررہ شرائط اور منظور شدہ SOPs کے خلاف پائی گئیں۔
چھاپے کے دوران غیر منظور شدہ سیمن سٹراز، ناقص لیبارٹری انتظامات، غیر تسلی بخش بائیو سکیورٹی اقدامات اور غیر معیاری سیمین پراسیسنگ کے شواہد بھی ملے۔ اس کے علاوہ مختلف کیمیکلز کی شیشیاں بھی برآمد ہوئیں جنہیں مبینہ طور پر عام سیمین کو جعلی سیکسڈ سیمین میں تبدیل کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ محکمہ لائیو سٹاک کے حکام کے مطابق غیر معیاری اور غیر قانونی سیمین کی تیاری مویشیوں کی جینیاتی بہتری کے پروگرامز کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ غیر تصدیق شدہ سیمین کے استعمال سے مویشیوں کی نسل اور پیداواری صلاحیت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ واقعہ کے بعد پولیس اسٹیشن سٹی چیچہ وطنی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ پنجاب لائیو سٹاک بریڈنگ ایکٹ 2014 کے تحت قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔

