ساہیوال( یو پی اے) ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق کی خصوصی ہدایات پر ضلع کونسل کی جانب سے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہےاور اسی تسلسل میں مختلف علاقوں میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے متعدد غیر قانونی تعمیرات کو مسمار اور دفاتر کو سیل کر دیا گیا۔کارروائی کے دوران بھاری مشینری کے ذریعے بغیر این او سی اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر قائم تعمیرات کو مسمار کیا گیا جبکہ مزید تعمیرات کو فوری طور پر روک دیا گیا۔
یہ کارروائی چیف آفیسر ضلع کونسل خداداد تارڑ اور ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ جاوید انور گوندل کی نگرانی میں کی گئی۔آپریشن کے دوران سائبان ٹاؤن 89 سکس آر، اضافی آبادی 89 سکس آر، رحمت ٹاؤن 90 سکس آرنزد اڈا مائی والی مسجد اور صفدر بلاک 91 سکس آر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی
جبکہ ان مالکان کے خلاف قانونی کارروائی اور مقدمات کے اندراج کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں سرمایہ کاری سے قبل اس کی قانونی حیثیت کی لازمی تصدیق کریں۔

