ساہیوال ( یو پی اے) ساہیوال بڑی تباہی سے بچ گیا، سی ٹی ڈی کی بروقت کارروائیاں، کالعدم تنظیم کے دو مبینہ کارندے گرفتار کر لئے گئے تفصیلات کے مطابق محکمہ انسدادِ دہشت گردی ساہیوال نے دو مختلف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گرفتار ملزمان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، چندہ اکٹھا کرنے کا ریکارڈ، کالعدم تنظیم کا لٹریچر اور دیگر حساس اشیاء برآمد کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پہلی کارروائی تھانہ غلہ منڈی کے علاقے انٹری گیٹ گلشن حمید بلاک بائی پاس ساہیوال میں دوپہر ڈیڑھ بجے کی گئی، جہاں سی ٹی ڈی کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی/FAK سے تعلق رکھنے والا ایک مشتبہ دہشت گرد موجود ہے اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی ٹیم نے فوری چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ملزم مختار شاہ ولد صالح شاہ، سکنہ ضلع شانگلہ خیبرپختونخوا کو گرفتار کر لیا سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک دیسی ساختہ بم (IED)، پرائما کارڈ، ڈیٹونیٹر، بیٹری، نقد رقم اور کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا ممبرشپ کارڈ برآمد ہوا
ملزم کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی ساہیوال میں انسداد دہشت گردی ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے دوسری کارروائی جمال روزہ روڈ ساہیوال پر علی الصبح کی گئی، جہاں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کالعدم تنظیم کے ایک مبینہ سہولت کار محمد تیمور ولد محمد شفیق کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم کالعدم تنظیم کے لیے چندہ جمع کرنے اور سوشل میڈیا کے ذریعے تنظیمی سرگرمیوں میں ملوث تھا سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کے قبضے سے چندہ رسید بکیں، پمفلٹس، اسٹیکرز، موبائل فون، نقد رقم اور دیگر مواد برآمد کیا گیا۔
ملزم کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعات 11-F(2)، 11-N اور 11-W(2) کے تحت مقدمہ درج کر کے دونوں ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان سے تفتیش جاری ہے جبکہ ان کے ممکنہ سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت متوقع ہے ان بروقت کارروائیوں کے باعث ساہیوال میں ممکنہ دہشت گردی اور تخریبی سرگرمیوں کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا

