ساہیوال ( یو پی اے) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کی پرنسپل سمیرا نسیم نے طالبات سے غیرضروری اور بھاری جرمانے وصول کرنے کی ایک خبر کی وضاحت کرتے ہوئےکہا ہے کہ طالبات سے امتحانات اور کلاسز میں غیرحاضری پر جرمانے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی پالیسی اور قواعد و ضوابط کے مطابق وصول کیے گئے ہیں اور کسی بھی طالبہ کے ساتھ غیر منصفانہ رویہ اختیار نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ادارہ تعلیمی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور طالبات کی امتحانات اور کلاسز میں حاضری یقینی بنانے کے لیے والدین سے مسلسل رابطے میں رہتا ہے اور طالبات کی غیرحاضری سے متعلق والدین کو بروقت آگاہ کیا جاتا ہے تاکہ ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر مصدقہ اور منفی خبروں سے تعلیمی اداروں کی ساکھ متاثر ہوتی ہے اس لئے میڈیا ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرے اور کسی بھی خبر کی اشاعت سے قبل مؤقف ضرور لیا جائے تاکہ حقائق عوام تک درست انداز میں پہنچ سکیں

