0

عید الاضحیٰ کے موقع پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر ساہیوال

ساہیوال( یو پی اے) ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی، سیکیورٹی، صحت عامہ اور شہری سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی جس کیلئے تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت فرائض سرانجام دیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے یہ بات منٹگمری ہال میں منعقدہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی

جس میں عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی ،مویشی منڈیوں اور ممکنہ ہیٹ ویو سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مرحبا نعمت، اسسٹنٹ کمشنرز ماہم واحد اور جاوید ممتاز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد طاہر چوہدری سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ فاروق نے ستھرا پنجاب اتھارٹی کو ہدایت کی کہ عید کے تینوں دن آلائشوں کو فوری ٹھکانے لگانے کیلئے زیرو ویسٹ آپریشن اور کولیکشن پوائنٹس کو فعال رکھا جائے جبکہ شہریوں میں ویسٹ بیگز کی تقسیم بھی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو مویشی منڈیوں میں پینے کے صاف پانی، روشنی، صفائی، سیکیورٹی اور ویٹرنری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق نے ہدایت کی کہ واسا، ستھرا پنجاب اتھارٹی، ہیلتھ ، ریسکیو 1122 اور لوکل گورنمنٹ کے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ اور تمام ادارے ہائی الرٹ رہیں گے۔انہوں نے میونسپل کارپوریشن /کمیٹیز اور ضلع کونسل کے افسران کو ہدایت کی کہ شہر وں کے مختلف مقامات پر ہیٹ ویو کیمپ، ٹھنڈے پانی کی سبیلیں، او آر ایس پوائنٹس اور عارضی کیمپس قائم کیے جائیں تاکہ شدید گرمی کے دوران شہریوں کو فوری طبی و امدادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں